بھٹکل :28؍ جون(ایس اؤ نیوز)بھٹکل تعلقہ ہیبلےگرام پنچایت حدود میں واقع تینگن گنڈی بیچ کا نام بدل کر دوسرے نام سےموسوم کئےجانےکی مخالفت کرتےہوئے تینگن گنڈی بیچ کے نام کو جاری رکھنے کا مطالبہ لےکر علاقے کے عوام نے ہیبلے گرام پنچایت کے پی ڈی اؤ کو میمورنڈم سونپا۔
میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ تینگن گنڈی بیچ کانام غیر قانونی طورپر بدلاگیا ہے، نام بدلنے سے نسلوں سے تینگن گنڈی بیچ سے موسوم تینگن گنڈی پر داغ لگے گا۔ پچھلے کئی برسوں سے اس کانام تینگن گنڈی بیچ ہی ہے۔ اب جہاں تہاں دوسرے نام سے بورڈ نصب کئے گئےہیں۔ جب کہ کسی بھی مقام کا نام بدلنے یا نیا نام رکھنے کےلئے قانون ہے اسی کے مطابق نام رکھے یا بدلے جاتےہیں۔ قانون کی پاسداری کرنے کے بجائے خود ساختہ طورپر دوسرے دوسرے ناموں سے موسوم کرنےکی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔ جب کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہیبلے گرام پنچایت حدود میں واقع تینگن گنڈی بیچ کانام بدلا نہ جائے بلکہ اسی نام سے ا س کو بحال رکھاجائے۔اور بیچ علاقےمیں جہاں تہاں جو نئےنام سے بورڈ نصب کئےگئے ہیں انہیں نکال باہرکئے جانے پر زور دیا۔ عوام نے کہاہے کہ اگرہمارا مطالبہ قبول نہیں کیاگیاتو مستقبل میں پیش آنے والے مسائل اور پریشانیون کےلئے افسران ذمہ دار ہوں گے۔ اس موقع پر تینگن گنڈی مرکزی جماعت کےصدر مولانا سعود بنگالی، سکریٹری مولانا اقبال بنگالی ، محمد غوث بنگالی ، اسحق ڈانگی، فضل اللہ مرزیکر وغیرہ موجود تھے۔